کراچی میں ڈیفنس کے بنگلے سے لڑکی کی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گزشتہ روز لڑکی کی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دینے کے بعد اب خود کشی قرار دےدیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے تفتیش کے مطابق ڈیفنس خیابان بخاری میں گھر سے 16 سال کی لڑکی فاریہ کا قتل نہیں ہوا بلکہ امکان ہے کہ فاریہ نے بلیک میلنگ سے تنگ آکر خود کشی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ڈیفنس خیابان بخاری میں گھر سے 16 سال کی لڑکی فاریہ کی خود کشی کے وقت مالک مکان باہر اور فاریہ گھر میں اکیلی تھی۔
اسد رضا کے مطابق فاریہ ڈیفنس میں ڈاکٹر کے گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی، اس کی کرن نام کے لڑکے سے دوستی تھی۔ کرن فاریہ کو بلیک میل کرتا تھا، جس پر ان کا جھگڑا ہوا تھا۔
اسد رضا کے مطابق فاریہ کے اہلخانہ اسکی تدفین کے لئے حیدرآباد میں ہیں۔ اہلخانہ کی واپسی پر واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے جبکہ کرن واقعے کے بعد سے لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔