وزیراعظم کا اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ تمام سرکاری اداروں کی نجکاری کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ تمام دیگر حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی کی زیرصدارت وزارت نجکاری کا نجکاری کمیشن امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں نجکاری پروگران 29-2024 کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ دیگر تمام ریاستی ملکیتی ادارے چاہے وہ نفع میں ہوں یا خسارے میں سب کی نجکاری ہو گی۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے تمام وفاقی وزارتوں کو ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام کاروبارکرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کیلیے دوست ماحول یقینی بنانا، سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے گی جب کہ پرائیوٹائزیشن سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہوگی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سے خدمات کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔