پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے: وزیراعظم شہباز شریف— فوٹو: پی آئی ڈی
سعودی وزیرِ خارجہ عزت مآب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے۔
وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینیئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمان بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلیٰ سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وفد کی وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور ملاقات میں وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، سعودی قیادت خادم الحرمین شریفین عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
اس موقع پر ان کا کہناتھاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہناتھاکہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے.
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔
سعودی وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی وزیرِ خارجہ عزت مآب شہزاد فیصل بن فرحال آل سعود نے پاکستان سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی جبکہ وزیرِ اعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اس کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے۔
ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شریک تھے۔