پاکستانی کرکٹرز کے میسیجز سے متعلق بیان پر مومنہ اقبال نے وضاحت پیش کردی
اداکارہ مومنہ اقبال نے حال ہی میں پاکستانی کرکٹرز سے متعلق دیے گئے بیان کی وضاحت پیش کردی۔
مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنے وائرل ہونے والے مختصر ویڈیو کلپ کے بارے میں تفصیلی پیغام لکھا۔
اداکارہ نے اسٹوری میں لکھا کہ انہوں نے کرکٹرز کے بارے میں کوئی غلط بات نہیں کی، ان کی بات کو لے کر چند سوشل میڈیا پیجز اور ٹی وی چینلز نے جو نام کمانا تھا، کما چکے، اس لیے اب انہوں نے سوچا کہ کچھ وضاحت کردیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے کسی بھی کرکٹر کا نام نہیں لیا تھا اور نہ ہی کسی سے متعلق کوئی غلط بات کی تھی، لوگ غیر ضروری تنازعات پھیلا رہے ہیں۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ کرکٹرز سے متعلق پہلے سے ایک تنازع چل رہا تھا جس پر شو میں مجھ سے سوال کیا گیا اور میں نے اس کا جواب دیا، میں نے کوئی غلط بات نہیں کی تھی اور نہ ہی یہ کہا تھا کہ کرکٹرز نے یا کسی اور نے مجھے چھیڑ دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر کرکٹر سمیت کوئی بھی مجھے چھیڑتا یا کچھ کہتا تو میں سب کو خود سیدھا کرسکتی ہوں، غیر ضروری منفی باتیں نہ پھیلائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری عوام ان معاملات پر بولیں جہاں بولنے کی ضرورت ہے۔
اداکارہ نے مثال دی کہ حال ہی میں ٹرین میں اہلکار نے ایک خاتون پر تشدد کیا اور پھر ان کی لاش ملی، اس پر کسی نے بات نہیں کی، انہوں نے صرف اس پر ٹی وی چینل پر خبریں سنی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نجی ٹی وی شو کے دوران میزبان نے اداکارہ مومنہ اقبال سے سوال کیا کہ کیا کبھی آپ کو کسی کرکٹر کے میسیجز آئے ہیں؟ اس پر اداکارہ نے بتایا کہ جی مجھے پاکستانی کرکٹرز کے میسیجز آتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی کرکٹرز کے میسیجز آچکے ہیں کیوں کہ ہم میڈیا کے اردگرد رہنے والے لوگ ہیں لہٰذا ان میسیجز کے ذریعے ایک اچھی ہائی ہیلو ہوجاتی ہے،سلام دعا ہوجاتی ہے یا پھر کہیں ملیں تو وہاں بات چیت ہوجاتی ہے۔
میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ان کرکٹرز کے میسیجز میں کیا لکھا ہوتا ہے؟ اس پر اداکارہ نے بتایا کہ ان کرکٹرز کے میسیجز hii, how are you جیسے ہوتے ہیں۔
تاہم اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے میزبان کے سوال کے باوجود میسیجز کرنے والے کرکٹرز کے نام بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ مجھے ان کرکٹرز کے نام یاد نہیں اور میں کیوں بتاؤں ان کرکٹرز کے نام، اگر میں نے بتا بھی دیے تو وہ مشہور ہوجائیں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھاکہ میسیجز کرنے والے کرکٹر پہلے ٹیم میں تھے، مجھ سے عمر میں بڑے ہیں اور وہ بیٹسمین تھے۔