سندھ و بلوچستان کے 10 ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کے نام بھی پراپرٹی لیکس میں شامل

سندھ کے 4 ارکانِ قومی اسمبلی، بلوچستان اور سندھ کے 6 سے زائد ارکانِ صوبائی اسمبلی کے نام بھی دبئی پراپرٹی لیکس میں شامل ہیں۔

صنعت کار اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے اختیار بیگ دبئی میں تقریباً 2 درجن جائیدادوں کے مالک ہیں۔

ان کی بیشتر جائیدادیں اہلیہ اور بھائی اشتیاق بیگ کے ساتھ مشترکہ ملکیت میں ہیں۔

اختیار بیگ کی جائیدادوں کی خریداری کی مالیت 1 لاکھ 37 ہزار 915 اور 3 لاکھ 29 ہزار 430 ڈالرز کے درمیان ہے۔

اس حوالے سے اختیار بیگ کا کہنا ہے کہ کمپنی اور جائیدادیں ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کی گئی ہیں، کرائے کی آمدنی پر ٹیکس ادا کیا جاتا ہے۔

سربراہ بی این پی مینگل سردار اختر مینگل کی ملکیت میں دبئی میں 2009ء سے ون بیڈ روم اپارٹمنٹ ہے۔


2020ء میں اپنے گوشواروں میں اختر مینگل نے بتایا تھا کہ یہ اپارٹمنٹ انہیں تحفہ میں ملا۔

سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ثناء اللّٰہ زہری اور ان کی فیملی نے بھی دبئی کی جائیدادوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔