3 سالہ بچی کے کمرے میں ہزاروں شہد کی مکھیوں کا ڈیرہ، 45 کلو شہد بھی برآمد
امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک 3 سالہ بچی کے کمرے سے 60 ہزار شہد کی مکھیاں برآمد ہوئیں جس نے بچی کے سب گھر والوں کو بھی حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 3 سالہ بچی سائلر کلاس اپنے والدین کے ہمراہ شمالی کیرولائنا میں اپنے فارم ہاؤس میں رہتی ہے جہاں اس کے کمرے نجانے کب سے شہد کی مکھیوں نے اپنا ڈیرہ جما رکھا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مکھیوں کی بھنبھناہٹ سے بچی نے اپنے کمرے میں کسی عجیب چیز کے ہونے کی شکایت کی لیکن والدین نے اسے بچی کا خیالی تصور سمجھ کر کبھی اس پر توجہ نہ دی، بچی کئی بار رات میں کمرے سے آوازیں آنے کی شکایت بھی کرتی تھی۔
بچی کی والدہ ایشلے میسس کلاس نے بتایا کہ ہم نے کبھی اپنی بیٹی کی بات پر توجہ نہیں دی کیونکہ ہمیں لگتا تھا کہ فلمیں دیکھنے کی وجہ سے اسے ایسا محسوس ہوتا ہے، ہم نے اس کا ڈر دور کرنے کیلئے رات کے وقت اسے پانی کی ایک بوتل بھی دی اور کہا کہ یہ اس عجیب چیز کو بھاگنے والا اسپرے ہے تاہم یہ ترکیب بھی کارگر ثابت نہ ہوئی اور بچی پھر بھی شکایات کرتی رہی۔
ایشلے میسس کلاس نے مزید بتایا کہ اپنے کمرے کی الماری سے بار بار آوازیں آنے پر انہوں نے اپنے اٹاری اور چمنی میں مکھیوں کے جھنڈ کو جمع ہوتے دیکھا جس پر جراثیم کش اسپرے کرنے والی کمپنی سے رابطہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے گھر کا معائنہ کیا اور بچی کے کمرے کی چھت میں بڑی تعداد میں شہد کی مکھیوں کو پایا جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ مکھیاں چھت میں موجود ایک سوراخ سے اندر داخل ہوتی تھیں، کمپنی نے چھت سے تقریباً 55 ہزار سے 65 ہزار کے قریب مکھیوں کو بھگایا اور اس آپریشن کے دوران چھت سے 45 کلو گرام شہد بھی حاصل کیا۔